کنٹرول لائن پر پاک بھارت افواج کی فائرنگ سے خاتون اور بچے سیت دونوں اطراف چار افراد ہلاک جبکہ سات افراد زخمی ہو گئے ہیں. جبکہ ایک مکان جل کر خاکستر ہو گیا ہے، متعدد مکانات اور املاک کو بھی نقصان پہنچا ہے.
زخمیوںاور ہلاک شدگان میں تین ہلاک شدگان کا تعلق پاکستانی زیر انتظام جموںکشمیر کے علاوہ نیلم اور اٹھمقام سے ہے، جبکہ نیلم سیکٹر کے ہی دیگر دیہاتوں میںپانچ افراد زخمی ہوئے ہیں. جبکہ بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق بھارتی زیر انتظام جموںکشمیر کے علاقہ تنگدار میں ایک خاتون ہلاک جبکہ دو افراد زخمی ہوئے ہیں.
نیلم کے مقامی صحافیوں کے مطابق پاک فوج نے ایک بھارتی ڈراؤن مار گرایا ہے جبکہ ایک بھارتی فوجی چوکی کو بھی گولہ لگنے سے آگ لگ گئی ہے.
جمعرات کے روز دوپہر سے ہی نیلم اور لیپہ سیکٹر کے مختلف علاقوں میںپاک بھارت افواج کے مابین بھاری توپ خانے کی گولہ باری کا تبادلہ ہوا. جس کے باعث دونوںاطراف کشمیری محصور ہو کر رہ گئے.
نیلم، نوسیری،جورا، صندوق، شاہکوٹ، آٹھمقام، چلہانہ ، بگنہ، گرٹنار اور سوان کے علاوہ لیپہ ویلی کے مختلف سیکٹرز میں فائرنگ کے باعث آبادیاںمحصور ہو کر رہ گئیں، ضلع نیلم میںایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے محکمہ صحت کے تمام ملازمین کی چھٹیاںمنسوخ کردی گئیں.
مقامی صحافیوں کی رپورٹس کے مطابق شاہراہ نیلم پر بھارتی گولہ باری کی زد میںآکر عظمت نامی ایک ڈرائیور ہلاک ہو گیا، جبکہ اٹھمقام کے گاؤں لالہ میں گولہ باری کی زد میںآکر گل زرین ولد علم دین اور اسکا دس سالہ بیٹا سلطان ولد گل زرین ہلاک ہو گئے.
اطلاعات کے مطابق پالڑی گاؤں میں خورشید نامی شخص زخمی ہوا ہے. دودھنیال شیخ بیلہ میںصلاح الدین نامی شخص زخمی ہوا ہے. جبکہ تین دیگرافراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات بھی ہیںجن میںسے ایک کا تعلق فالکن گاؤن سے ہے.
چانگن کے علاقہ میںبھارتی فوج کا گولہ لگنے سے خواجہ غلام رسول کا مکان جل کر خاکستر ہو گیا ہے. جبکہ متعدد دیگر مکانات اور املاک کو بھی نقصان پہنچا ہے.
دوسری طرف بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستانی فوج کی فائرنگ سے تنگدار کے علاقہ میں حمیدہ فاطمہ نامی خاتون ہلاک ہو گئی ہے جبکہ دو افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں. بھارتی میڈیا نے پاکستانی فوج پر سیز فائر لائن کی خلاف ورزیوںکا الزام لگایا ہے. تاہم پاکستانی فوج کی جانب سے اس سے متعلق ابھی تک کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا ہے.
واضح رہے کہ دو روز قبل بھی اسی علاقہ میں فائرنگ کے تبادلہ کے نتیجہ میں متعدد افراد دونوںافراد ہلاک و زخمی ہو گئے تھے.
ادھر پاکستانی زیر انتظام جموںکشمیر کے ضلع نیلم ویلی میں موبائل فون اور انٹرنیٹ وغیرہ کی سہولیات بند کئے جانے کی اطالعات ہیں. جبکہ مریضوںکو دیگر اضلاع میںمنتقل کرنے کےلئے ایمبولینس کی سہولیات بھی میسر نہیں ہیں. مقامی سطح پر موجود ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال میںسہولیات کے فقدان کے باعث لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے.